مینڈھر//بلاک منکوٹ کی پنچایت لوہر کسبلاڑی کے لوگوں نے ہائی سکول کا درجہ نہ بڑھانے پر محکمہ تعلیم او ر ریاستی انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا ۔مظاہرین نے ریاستی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت لوہر کسبلاڑی میں قائم سکول کو 2005میںہائی سکول کا درجہ دیا گیا تھا تاہم مذکورہ علا قہ میں بچوں کی ایک بڑی تعداد زیر تعلیم ہے جس کو دیکھتے ہوئے ایک لمبے عرصہ سے ہائر سکینڈری کی مانگ کی جارہی ہے لیکن محکمہ تعلیم اور ریاستی انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کو ئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے طلباء بالخصوص لڑکیوں کا اپنی تعلیم جاری رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہا ہے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہائی سکول لوہر کسبلاڑی میں تین سو سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں اور اس کے ارد گرد چار ہائی سکول بھی پڑتے ہیں جس کی وجہ سے ہائی سکول لوہر کسبلاڑی کوہائر سکینڈری کا درجہ دینے کی مانگ جائز ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ علا قہ کے بچوں کو ہائر سکینڈری سطح کی تعلیم حاصل کر نے کیلئے کئی کلومیٹر کی پیدل مسافت طے کرنا پڑتی ہے ۔احتجاج سے خطاب کرنے والوں نے محکمہ تعلیم کے اعلی افیسران کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کے افیسران مقامی لوگوں کی مانگوں اور بچوں کی تعلیم کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں ۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے مقامی سرپنچ عبد ل رشید چوہدری نے کہا کہ اگر ہائی سکول کا درجہ نہ بڑھایا گیا تو ایک بڑا احتجاج شروع کیا جائے گا ۔
سکول کا درجہ نہ بڑھانے پرحکام کیخلاف احتجاج
