سکمز میں 2مریضوں کو پلازمہ تھرپی دی گئی

سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں 5روز قبل 2کورونا وائرس مریضوں کو پلازمہ تھرپی دی گئی ۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے پلازمہ تھرپی  سے کورونا مریضوں کو ٹھیک کرنے کی شروعات کے بارے میں کہا ’’5روز قبل 2کورونا وائرس مریضوں کو پلازما تھرپی کی گئی ‘‘۔ ڈاکٹر جان نے بتایا ’’ سرکار سے اجازت ملنے کے بعد سکمز میں باضابطہ طور پر پلازما تھرپی کا آغاز کیا جائے گا‘‘۔ڈاکٹر جان نے بتایا ’’ اُمید ہے کہ ہم آنے والے دنوں میں سکمز میں مکمل طور پر پلازما تھرپی کا آغاز کریں گے‘‘۔ ڈاکٹر جان نے کہا ’’ شعبہ یورولاجی کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیم وانی نے منگل کو پلازما کیلئے اپنا خون عطیہ کیا ‘‘۔ سکمز میں شعبہ یورولوجی کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیم وانی نے کہا ’’ الحمدللہ میں نے سکمز میں سخت علیل مریضوں کو پلازما تھرپی دینے کیلئے خون کا عطیہ کیا ‘‘۔ڈاکٹر سلیم نے وائرس سے لڑنے کے بعد صحتیاب ہونے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ سامنے آکر اپنے خون کو عطیہ کریں تاکہ اسپتالوں میں سخت علیل مریضوں کو پلازما تھرپی دی جائے‘‘۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پوری دنیا میں پلازما تھرپی کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں اور پوری دنیا سمیت دلی اور دیگر ریاستوں میں بھی مریضوں کو پلازما تھرپی دی جارہی ہے۔ پلازمہ تھرپی میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے  پلازما میں اینٹی باڈیز(Antibodies) وائرس سے لڑنے میں موثر ثابت ہوتی ہیں۔