حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر ستھرا باولی مندرتا قبرستان وایا بانڈے ہاؤس سڑک کی میکڈمائزیشن کا عمل تاخیر سے ہی تاہم شروع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوامی حلقوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ محکمہ آر اینڈ بی کی جانب سے شہر خاص پونچھ میں ستھرا باولی مندرتا قبرستان وایا بانڈے ہاؤس سڑک کی میکڈمائزیشن کا عمل باضابطہ شروع کر دیا ہے جو کہ انتہائی اہمیت والی سڑک ہے۔ سڑک پر تارکول بچھانے کا عمل شروع ہونے سے مقامی آبادی کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں اور انہوں نے اس دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ یہ انتہائی اہمیت والی سڑک گزشتہ برسوں سے خستہ حالت میں تھی جس کی وجہ سے ایک وسیع آبادی کو عبور ومرور میں دقتوں کا سامنا تھا۔ لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی میگڈمائزیشن کے بعد مقامی باشندے، راہگیر اور ٹرانسپورٹرز کافی خوش نظر آ رہے ہیں اور اس سے انہیں روز مرہ کے معاملات میں بڑی حد تک راحت ملے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سڑک کی میکڈمائزیشن سے کئی محلہ جات کے لوگوں کو بھی راحت ملے گی۔