بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر واقع بانہال میں دو الگ الگ سڑک حادثوں میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں اور تینوں کی حالت بانہال ایمرجنسی ہسپتال میں مستحکم بتائی جاتی ہے۔ پولیس ذرائع نے آج شام بتایا کہ پہلا حادثہ شاہراہ ہر واقع گنڈ عدلکوٹ مارکیٹ بانہال کے مقام اس وقت پیش آیا جب ایک مقامی نوجوان فرحت احمد ولد منظور احمد وانی ساکنہ حالیمیدان ڈولیگام اپنی ماروتی کار پر قابو کھو بیٹھا اور گنڈ کے مقام پْل سے نیچے بہہ رہے ڈولیگام نالہ میں گر گیا ۔ اس حادثے میں وہ زخمی ہوا اور اسے فوری طور پر مقامی لوگوں اور رضاکاروں کی مدد سے ایمرجنسی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس کا علاج چل رہا ہے اور وہ بہتر ہیں ۔دوسرا حادثہ شاہراہ پر چریل کے مقام پر آج شام اس وقت پیش آیا جب دو مقامی موٹر سائیکل سوار سلپ کی وجہ سے موٹر سائیکل سمیت نالی میں جا گرے انہیں بھی موقع واردات سے بانہال ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ڈاکٹروں کے مطابق تینوں زخمیوں کی حالت بہتر ہے اور انہیں نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔