سپورٹس کونسل خطہ چناب کے تئیں غیر سنجیدہ:وائی سی سی | ڈوڈہ سٹیڈیم کی تعمیر مکمل کرنے و خطہ میں کھیل کود کو فروغ دینے کا مطالبہ کیا

ڈوڈہ //سپورٹس کونسل کی جانب سے خطہ چناب کو نظرانداز کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ینگ سٹار کرکٹ کلب ڈوڈہ نے کہا کہ مرکزی حکومت و ایل جی انتظامیہ یوٹی کے ہر خطہ میں کھیل کود کو فروغ دینے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن سپورٹس کونسل کا دائرہ صرف جموں و سرینگر شہر تک ہی محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ڈوڈہ میں منعقد ایک پریس کانفرنس کے دوران ینگ سٹار کرکٹ کلب کے سرپرست منظور احمد بٹ نے کہا کہ وادی چناب کے نوجوان میں کسی بھی کھیل میں پیچھے نہیں ہیں لیکن متعلقہ حکام ان کے ہنر کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سپورٹس کونسل خطہ چناب میں کھیل کود کو فروغ دینے کے لئے غیر سنجیدہ ہے۔بٹ نے کہا سپورٹس کونسل سے متعدد بار گذارشات کے بعد بھی ڈوڈہ، کشتواڑ و رام بن اضلاع میں ضلع سطح کی کمیٹیاں تشکیل نہیں دی گئیں ہیں۔چیئرمین وائی سی سی نصیر احمد کھوڑا نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کے دور میں سپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر شروع ہوئی تھی لیکن فنڈس کی عدم دستیابی سے 16 برسوں سے کام ادھورا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے پندرہ برسوں سے وائی سی سی نے کئی ٹورنامنٹ منعقد کروائے جس میں ملکی و بین الاقوامی سطح کے نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی لیکن سپورٹس کونسل اس خطہ کو نظر انداز کر رہی ہے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ خطہ چناب میں کھیل کود کو فروغ دینے کے لئے سپورٹس کونسل کو فعال بنایا جائے تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو بھی یوٹی و ملکی سطح پر اپنے ہنر دکھانے کا موقع مل سکے۔