سوپور//شمالی قصبہ سوپور سے ہارتار تک جانے والی رابطہ سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ ہونے کے نتیجے میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ واحد رابطہ سڑک ہے جو ان کے علاقے کو سوپور اور دیگر علاقوں سے ملاتی ہے مگر اس روڑ کی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے جس سے لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ آس پاس کے دوسرے علاقوں کی سڑکوں کی کشادگیعمل میں لائی گئی بلکہ ضروری مرمت اور میکڈم بھی بچھایا گیا مگر اس 6کلامیٹر مسافت کو نظر انداز کیا گیا ، جس کے باعث اب اس روڑ کی حالت خراب ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک پر جگہ جگہ پر گہرے کھڈ بن چکے ہیں اور سڑک پر اٹھنے والی گرد وغبار سے لوگوں کے مشکلات میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے۔ہارتار کے ایک باشندے شبیر احمد ڈار نے بتایا کہ انہوں نے محکمہ آراینڈ بی سوپور کوکئی بار اس مسئلہ سے آگاہ کیا لیکن ہمیشہ لیت ولعل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس روڑ کی حالت اتنی خراب ہوچکی ہے کہ بارشوں کے دوران سڑک جھیل کا منظر پیش کرتی ہے اور اس دوران روٹ پر چلنے والی گاڑیوں کے ڈرائیور اپنی گاڑیاں چلانے سے گریز کرتے ہیں جس سے علاقہ کے لوگوں کو مشکلات میں اور اضافہ ہوتا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور آر اینڈ بی محکمہ کے اعلی افسران سے مطالبہ کیا کہ اس سڑ ک کی مرمت پر جلد کام شروع کیا جائے تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔