سوپور //شمالی قصبہ سوپور میں بدھ کو اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیاجب عادی پورہ بمئی علاقے میں ایک مزدور کی گولیوں سے چھلنی لاش پُراسرار حالت میں برآمد کی گئی ۔عادی پورہ بمئی سوپور میں بدھ کو پولیس نے ایک میوہ باغ سے45سالہ شہری غلام محی الدین کی لاش برآمد کی جس پر گولیوں کے نشانات تھے۔معلوم ہوا ہے کہ کچھ افراد نے یہاں مذکورہ مہلوک شخص کی نعش دیکھی اور پولیس کو مطلع کیا ۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک خصوصی ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی ،جس نے لاش تحویل میںلی ۔مہلوک شخص کی شناخت مکمل ہونے کے بعد پولیس نے قانونی اور طبی لوازامات پُر کرکے لاش ورثاں کے سپرد کردی گئی۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔سوپور پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی ہر زاویئے سے تحقیقات کی جارہی ہے اور فی الوقت اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا ۔ادھر مہلوک شخص کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ غلام محی الدین پیشے سے مزدور تھا ۔