سوپور//سوپور میں چھاپڑی فروشوں نے جمعہ کو مسلسل دوسرے دن انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔اقبال مارکیٹ سوپور میں کلاک ٹاور کے قریب سڑک بلاک کرتے ہوئے مظاہرین نے انتظامیہ اور میونسپل کونسل سوپور کے خلاف نعرے بازی کی۔وہ مطالبہ کر رہے تھے کہ انہیں سڑکوں کے کنارے اپنے سٹال لگانے کی اجازت دی جائے یا انہیں اپنا کاروبار کرنے کے لیے مناسب جگہ فراہم کی جائے۔دکانداروں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے ایک ماہ قبل جو متبادل جگہ فراہم کی گئی تھی وہ ان کے لیے موزوں نہیں تھی کیونکہ سڑک پہلے ہی ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بہت تنگ ہے اور اس جگہ پر کافی گڑھے ہیں جب بھی بارش ہوتی ہے تو یہ جگہ ندی میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ احتجاج کرنے والوں میں سے ایک آزاد احمد ڈار نے کہا کہ وہاں ہمارے سٹال لگانے پر اثر پڑتا ہے۔فیروز احمدنامی ایک اور چھاپڑی فروش نے کہا’’ہمیں کوئی مناسب متبادل جگہ دی جائے یا پچھلی جگہ پر کام کرنے دیا جائے کیونکہ پچھلے ایک ماہ سے ہمیں زبردست مشکلات کا سامنا ہے‘‘۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ان کی تکالیف پر غور کریں اور ان کے دیرینہ حقیقی مطالبات کا ازالہ کریں۔