سوپور میں خاتون سمگلر کی15لاکھ کی جائیداد قرق قاضی گنڈکا منشیات فروش پولیس کی گرفت میں

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//پولیس نے بارہمولہ میں ایک بد نام زمانہ خاتون منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا۔پولیس ترجمان نے کہا کہ پولیس نے بارہمولہ میں ایک بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش کے 15 لاکھ روپیے مالیت کے ایک یک منزلہ رہائشی مکان کو قرق کر دیا۔بیان میں مذکورہ منشیات فروش کی شناخت افروزہ بیگم عرف افری زوجہ فیاض احمد ڈار ساکن گنائی حمام حال ترم گنڈ ہائی گام سوپور کے بطور کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں درج ایک کیس کے سلسلے میں انجام دی گئی ۔تحقیقات کے دوران جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروش کی طرف سے نشہ آور اور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی’۔ادھر پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ کی ایک پولیس پارٹی نے دال وچھ کراسنگ پر ایک ناکہ لگا دیا اور اس دوران ایک شخص جس نے ایک بیگ اٹھایا تھا، نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ تاہم پولیس نے اس کا تعاقب کرکے اس کو دھر لیا۔بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے بیگ میں بھرا 2 کلو چرس جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران مذکورہ شخص کی شناخت عمران احمد پرہ داماد غلام محمد شاہ ساکن ہتمورہ مٹن اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس دج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔