سرینگر/پولیس نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا کہ شمالی کشمیر کے وارہ پورہ سوپور میں اُس مقام سے، جہاں فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان مسلح تصادم ہوا تھا، جاں بحق جنگجوئوں کی لاشیں بر آمدکی گئی ہیں۔
پولیس بیان کے مطابق فورسز کو یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ جنگجو وار پورہ سوپور علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں ،جس کے بعد پولیس اور فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور جنگجوئوں کوڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی شروع کی۔
پولیس نے کہا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجوئوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔پولیس کے مطابق فورسزنے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ اس معرکے میں دو جنگجود ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فورسز نے جائے واردات پر 2جنگجوئوں کی نعشیں برآمد کیں جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال ہو رہی ہے۔