سوپور// بانڈی پائین واگورہ کریری میں جمعرات کو مسلح تصادم آرائی کے دوران جو 2جنگجو جاں بحق ہوئے تھے ان میں سے ایک کی شناخت جیش کے عامر رسول کبو کے طور پر ہوئی جبکہ دوسرے کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ غیر ملکی تھی جسکی شناخت صابر بھائی کے طور پر کی گئی ہے۔جمعہ صبح کوہی سوپور اور مضافات سے سینکڑوں لوگ مہلوک جنگجوعامر کے گھر آرم پورہ سوپور میںاُ س آخری رسومات میں شرکت کرنے کیلئے جمع ہوگئے۔مہلوک جنگجو کی میت جمعرات نصف شب اُس کے گھرلائی گئی تھی۔ جمعہ کو نماز جمعہ سے قبل انکی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔آزادی کے حق اورحکومت مخالف نعرے بازی کے دوران سوگوارلوگوں کی بھاری تعداد نے بعد میں مہلوک عامر کو ایک جلوس کی صورت میں مزار شہداء سوپورتدفین کیلئے پہنچایا گیا جہاں انہیں سپرد خاک کیا گیا۔ 20سالہ عامر رسول 5ماہ قبل جنگجوئوں کی صف میں شامل ہواتھا۔تدفین کے بعد مظاہرین اور فورسزکے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں۔ آرم پورہ میں تعینات فورسزپرمظاہرین نے شدیدپتھرائو کیاجس کے جواب میں فورسزنے آنسو گیس کے گولے داغے اور پیلٹ گن کا استعمال کیاجس کے نتیجے میں 3نوجوان عادل مشتاق ، عرفان مشتاق ولد مشتاق احمد ساکنان آرم پورہ کے علاوہ عادل احمد ساکن آرم پورہ پیلٹ لگنے سے بری طرح زخمی ہوگئے ۔اس دوران قصبہ سوپوراور اس کے مضافات میں جمعہ کو تمام دکانیں،کاروباری ادارے،پٹرول پمپ اور اسکول بند رہے جبکہ ٹریفک بھی سڑکوں سے غائب تھا ۔ حکام نے جمعرات شام کوہی سوپور قصبے میں تمام اسکول بند رکھنے کا اعلن کیا تھا۔اس دوران سوپور میں موبائل انٹر نیٹ سروس بدستورمعطل رہی۔
سوپورکا مہلوک جنگجوسپرد خاک
