سرینگر/پولیس نے جمعہ کو کہا کہ شمالی کشمیر کے سوپور میں چوری کا ایک معمہ حل کرتے ہوئے لاکھوں روپیہ مالیت کا مالہ مسروقہ اور ایک گاڑی برآمد کرکے تحویل میں لے لی گئی ہے ۔
پولیس کے مطابق معراج احمد ملہ ولد محمد اکبر ملہ ساکنہ بوٹینگو سوپور نے پولیس اسٹیشن میں تحریری طورپر شکایت درج کی کہ 30اور 31جنوری کی درمیانی رات کو نامعلوم نقب زن سوپور میں قائم اس کے کیمپوٹر سینٹر میں گھس گئے اور وہاں سے جنریٹر او ر واٹر موٹر چرا کر فرار ہوئے۔
پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کرتے ہوئے ایس ایس پی سوپور جاوید اقبال نے ایس ڈی پی او سوپور مشکور زرگر ، ایس ایچ او سوپور عبدالمجید کی نگرانی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا قیام عمل میں لایا۔
چنانچہ پولیس کے مطابق ٹیم نے جانچ پڑتال کے دوران تین مشتبہ افراد ،جن میں اویس احمد قاضی ولد نثار احمد ، بلال احمد ڈار ولد غلام محمد ، عبید احمد قاضی ولد مناف قاضی ساکنان چھانہ کن سوپور شامل تھے، کو پوچھ تاچھ کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن طلب کیا۔ پولیس نے کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران گرفتار شدگان نے اپنا جرم قبول کرلیا۔ پولیس نے مذکورہ افراد کی نشاندہی پر جنریٹر اور واٹر موٹر برآمد کرکے ضبط کئے۔پولیس نے کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔