سوپور //نیشنل کانفرنس رہنماارشاد رسول کارنے سب ضلع اسپتال سوپور کو کووِڈ- 19 ہسپتال کے طور پر نامزد کئے جانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسبات پرزوردیاکہ ایس ڈی ایچ سوپورکی اہمیت کومدنظررکھ کر اس کوضلع اسپتال کادرجہ دیاجائے ۔ ارشاد رسول کارنے بدھ کو حکومت کی جانب سے ایس ڈی ایچ سوپور کو کووڈ19 ہسپتال مریضوںکے لئے وقف کرنے کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔نیشنل کانفرنس کے لیڈرنے جموں و کشمیر کی حکومت کے فیصلے پرسوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب ایس ڈی ایچ سوپور کو ضلع اسپتال میں اَپ گریڈ کرنے کی بات آتی ہے تو حکومت کوئی توجہ نہیں دیتی ہے اور جب کووڈ19 جیسی ہنگامی صورتحال پیداہوتی ہے تو حکومت کیلئے سوپور شہر بہت زیادہ اہم بن جاتا ہے۔انہوںنے کہاکہ شمالی کشمیر میں سوپورکو مرکزیت حاصل ہے،اورایس ڈی ایچ سوپور جو ایک ہی دن میں2ہزار سے زیادہ مریضوں کی دیکھ بھال کرتا ہے اور اسے شمالی کشمیر کے لوگوں کے لئے کوویڈ 19 ہسپتال نامزد کرنا ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوویڈ مثبت مریضوں پر توجہ مرکوز کرنے کے درمیان ایس ڈی ایچ سوپور میں غیر کوویڈ مریض کا علاج بھی متاثر ہوا۔نیشنل کانفرنس کے لیڈر ارشاد رسول کارنے حکومت پرزوردیاکہ ایس ڈی ایچ سوپورکوبلاتاخیر ضلع اسپتال کادرجہ دیاجائے تاکہ شمالی کشمیر کے لوگوںکویہاں بہتر طبی سہولیات بہم ہوسکیں ۔انہوں نے کہاکہ سال2019سے سوپور اسپتال کاآپریشن تھیٹر عملا بے کار ہے اوریہاں سے مریضوںکودوسرے اسپتالوںمیں بھیجا جاتاہے ۔ارشاد سول کار نے ساتھ ہی کہاکہ یہ بات بھی تشویشناک ہے کہ ایس ڈی ایچ سوپورمیں تعینات کئی ڈاکٹروں اورنیم طبی عملہ کے ملازمین کودوسری جگہوں پر بھیجاگیا،جس سے اس اسپتال میں علاج ومعالجہ کاسارانظام درہم برہم ہواہے۔