بلال فرقانی
سرینگر // نوگام میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے جمعہ یعنی 22اپریل کو 2غیر مقامی مزدوروں کو گولیاں مار کر زخمی کردیا۔پچھلے ڈیڑھ ماہ کے دوران غیر مقامی ہندئوں پر یہ آٹھواں حملہ ہے۔پولیس نے بتایا کہ شام دیر گئے تقریبا ً7بجکر 50منٹ پر نوگام پولیس اسٹیشن کے حدود میں ملی ٹینسی کے ایک واقعہ میں ملی ٹینٹوں نے دو غیر مقامی مزدوروں پر گولی چلا دی، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوئے اور انہیں مقامی لوگوں اور پولیس نے اسپتال پہنچایا۔ پولیس کے اعلی افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ نوگام کے سوٹھسو کلاں علاقے میں پیش آیا۔غیر مقامی زخمی مزدوروں کی شناخت نجم الاسلام اور عنیق الاسلام کے طور پر کی گئی ، دونوں مغربی بنگال کے رہنے والے ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔علاقے میں تلاشی جاری ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں13اپریل کی شام مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ایک غیر مسلم مقامی شہری کوگولی مار کر زخمی کیاجو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ کاکرن( پمبئی ) گائوں میںمشتبہ ملی ٹینٹوں نے ایک مقامی شہری ستیش سنگھ ولد سریندر سنگھ کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ اسے قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا، جو بعد میں دم توڑ بیٹھا۔ستیش سنگھ مقامی راجپوت ہندو تھا۔ ستیش سنگھ پیشے سے ایک ٹرک ڈرائیور تھا۔7اپریل کو واسورہ ٹہاب پلوامہ کے یاڈر نامی گائوں میں مشتبہ ملی ٹینٹ نمودار ہوئے اور انہوں نے پٹھانکوٹ کے ٹرک ڈرائیور سونو شرما ولد بنارسی داس کو اسکی ٹانگ میں گولی ماری اور فرار ہوئے۔مذکورہ گائوں سے محض ایک کلو میٹر دور 3اپریل کو اسی طرح کا واقعہ آڑو رہ، نوپورہ پائین پلوامہ( نزدیک لاسی پورہ ) میں پیش آیا۔مشتبہ ملی ٹینٹ اچانک نمودار ہوئے اور انہوں نے سریندر سنگھ ولد بشن سنگھ ساکن پٹھانکوٹ اور دریج دت ولد سشیل دت ساکن پٹھانکوٹ نامی ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو گولیاں ماریں۔ اس سے قبل19مارچ کو ملی ٹینٹوں نے پیشے سے ترکھان محمد اکرم ساکن بجنور یو پی کو آری ہل پلوامہ میں فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا۔21مارچ کو اسی طرح کے ایک اور واقع میں گانگو پلوامہ میں بسواجیت ساکن بہار نامی گول گپے والے مزدور کو گولیاں مار کر زخمی کیا گیا۔ اس سے قبل 3اپریل کو اونتی پورہ فوجی ائر پورٹ کے دامن میں واقع لاجورہ گائوں میں دن کے ایک بجے کے قریب ملی ٹینٹوں نے دو غیر مقامی مزوروں پٹلیشور کمار اور جاکو چودھری ساکنان بہار نامی مزدوروں پر لاجورہ میںگولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوئے۔4اپریل کوژھوٹی گام حرمین شوپیان میں پیشے سے میڈکل شاپ مالک کشمیری ہندو بال کرشن ولد جانکی ناتھ کو مشتبہ ملی ٹینٹوں نے گولیاں مار کر زخمی کردیا۔