سونمرگ میں سیاحوں کی بھاری تعداد

غلام نبی رینہ
کنگن// سونہ مرگ میں سیاحوں کی بھاری تعداد آئے روز لطف انددوز ہورہی ہے ۔ مارچ میں 66 ہزار سیاحوں نے اس خوبصورت صحت افزا مقام پر قدرتی نظاروں کا لطف لیا۔ سطح سمندر سے2730میٹر کی بلندی پر واقع یہ سیاحتی مقام گاندربل کے وسیع پہاڑی سلسلے کی گود میں واقع ہے ۔چیف ایگزیکٹیو افسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی مشتاق احمد کے مطابق یکم مارچ سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 66,078سیاح یہاں لطف لینے کیلئے آئے جن میں سے 62,125 ملکی، 3939 مقامی سیلانی اور 14 غیر ملکی تھے۔ہوٹل ولیج واک کے منیجنگ ڈائریکٹر شہزار رسول نے کہا’’سیاحوں کی آمد پہلے کی نسبت بہت بہتر ہے۔ کوویڈ کے بعد ہم اس جگہ کوفروغ کے لیے محکمہ سیاحت کے شکر گزار ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ بہتر سے بہتر ہوتا جا رہا ہے‘‘۔ ہوٹل ڈوائین کے منیجر ظہور احمد نے بتایا کہ اس بار تمام ہوٹل کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں اور کئی سالوں بعد سیزن بہت اچھا چل رہا ہے۔