مینڈھر//مینڈھر کے لوگوںنے سومو ڈرائیوروں پر من مرضی کا کرایہ وصول کرنے کا الزام عائد کیاہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ایک طرف مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے اور دوسری طرف سومو ڈرائیوروں نے لوٹ کھسوٹ مچارکھی ہے ۔ان کاکہناہے کہ سومو ڈرائیور ائورلوڈنگ کے ساتھ اضافی کرایہ وصول کررہے ہیں جبکہ محکمہ ٹریفک کہیں نظر نہیں آتا۔ان کاکہناہے کہ اس صورتحال سے غریب لوگ پریشان ہورہے ہیں لیکن افسوسناک بات ہے کہ نہ ہی ٹریفک حکام اور نہ ہی اے آر ٹی او پونچھ اس جانب کوئی توجہ دے رہے ہیں ۔ ان کا کہناتھا کہ اس سے ہفتہ وصولی کے الزامات کو تقویت ملتی ہے ۔ان کا مزید کہناہے کہ مینڈھر قصبہ میں ناجائز تجاوزات کھلے عام ہیں اور دکانداروں کی طرف سے فٹ پاتھوں پر قبضہ کیاگیاہے لیکن کوئی پوچھنے والانہیں ۔ایک شہری محمد سیاف کاکہناہے کہ بازار کی تنگ سڑک کو ناجائز تجاوزات نے مزید تنگ بنادیاہے اور یہاں بالکل لاقانونیت نظر آتی ہے ۔ ان کاکہناہے کہ ڈرائیوروں کو قابو میں رکھنے اور ناجائز تجاوزات ہٹانے کیلئے بارہا حکام سے اپیل کی گئی لیکن کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔