کپوارہ//پولیس نے کپوارہ میںدعویٰ کیا ہے کہ فوج اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران ان 3نوجوانو ں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جنہو ں نے ایک روز قبل اپنے ہاتھو ں میں اسلحہ اٹھا کر سوشل میڈیا پر تصویر وائرل کی ۔ذرائع کا کہنا ہے فوج اور پولیس نے لولاب کے گجر پتی گنگ بک سوگام جنگلات میں تلاشی کارروائی کے دوران شالہ گنڈ اور کلاروس کے ان تینوں نوجوانو ں کوگرفتارکیا ۔ لولاب وادی کے شالہ گنڈ کے2اور کلاروس کے ایک نوجوان بدھ کی صبح کو اپنے گھرو ں سے لاپتہ ہو گئے اور چند ہی گھنٹوں کے بعد ان تینو ں کی ایک تصویر اسلحہ سمیت سو شل میڈیا پر وائرل ہوئی ۔فوج کی 28راشٹریہ رائفلز اور لولاب پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے تینو ں نوجوانو ں کو گرفتار کرنے کے لئے پورے علاقہ کو گھیرے میں لیا ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے سوگام علاقہ کے گنگ بک جنگلات کو گھیرے میںلے لیا اور جنگجوئوں کی تلاش شروع کی جس کے دوران وہا ں گولیو ں کا مختصر تبادلہ بھی ہوا لیکن پولیس اور فوج نے تینو ں نوجوانو ں کو زندہ پکڑلیااور اسلحہ بھی بر آمد کیا ۔پولیس نے معاملہ سے متعلق ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوا ہے کہ انہو ں نے کسی جنگجو تنظیم سے رابطہ کیا تھا یا نہیں ۔