سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والے نیوز گروپوں کے خلاف کارروائی

سرینگر //پولیس نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانپور کے2افراد کو گرفتار کیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق اونتی پورہ پولیس کو اطلاع ملی کہ ’’کشمیر زون ، حمزہ حزبی اور کویک نیوز ‘‘ کے نام پرسوشل میڈیا پر نیوز گروپ چلائے جا رہے ہیں اور ان نیوز گروپوں نے چند نوجوانوں کے فوٹو گراف سوشل میڈیا پر ڈال کر انہیں پولیس و سیکورٹی فورسز کا اعانت کا ر جتلا یا ۔ اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 89/2018زیر دفعات 501,505آر پی سی اور 120-Bایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں کیس درج کیا گیا ۔ تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ قانونی شکنجے میں آنے والے ان خود ساختہ نیوز گروپوں نے سازش رچا کر کئی نوجوانوں کے فوٹو گراف سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کئے تاکہ انہیں بد نام کرکے اُن کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکیں۔ نیوز گروپ چلانے والے دو افراد جن کی شناخت سجاد احمد میر ولد غلام رسول ساکنہ فرستہ بل پانپور اور سجاد احمد بٹ ولد غلام احمد ساکنہ نمبلہ بل پانپور کے بطور ہوئی ہے کی گرفتاری عمل میں لاکر اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق ایسے خود ساختہ نیوز گروپ چلانے والوں کی شناخت کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے جو غلط افواہیں پھیلا کر لوگوں کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیںتاکہ اُن کے خلا ف قانونی چارہ جوئی کیلئے راہ ہموار ہو سکے۔ علاوہ ازیں نیوز گروپوں کو بلاک کرنے کیلئے بھی اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔