سرینگر//نیشنل کانفرنس نے واضح کیا کہ ہوائوں کارخ دیکھ کر اس جماعت نے نہ ہی کبھی اپنی کشتی کا رخ تبدیل کیا ہے اور نہ ہی کسی بھی سنگین صورتحال میں اصولوں سے کوئی بھی سمجھوتہ کیاہے۔شیو پورہ میں یوتھ لیڈر احسان پردیسی کی رہائش گاہ پر جلسے کے دوران خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ضلع صدر سرینگر پیر آفاق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کسی بھی نئی سیاسی جماعت کی مخالفت نہیں کرے گی کیونکہ جموں کشمیر میں جمہوریت کا حق نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ نے لوگوں کو دیاہے۔ انہوں نے کہا ’’ ماضی میں بھی قوم اور نیشنل کانفرنس کے خلاف سازشیں کی گئیں تاہم پارٹی نے کھبی بھی حالات سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا‘‘۔انہوںنے کہاکہ مشکل ترین حالات میں بھی انہیں اپنی لیڈرشپ پر اعتماد ہے۔پیر آفاق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے کارکن نہ ہی جنگجو ہیں اور نہ ہی سنگباز بلکہ جمہوری طرز پر اپنا جواب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے گرفتاریوں اور پی ایس اے لگانے کے سلسلہ کا حوالہ دیتے ہوئے پیر آفاق نے کہاکہ جموں کشمیر کے لوگوں کو اس بات کا بھرپورادراک ہے کہ یہ1953نہیں ہے اور اگر آج ایک ہی بچہ جیل سے باہر رہے گا تو وہ بھی سازشی عناصر کو دندان شکن جواب دینے سے باز نہیں رہے گا۔ اس موقعہ پر احسان پردیسی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نئی سیاسی جماعت کا مقصد سابق وزیر اعظم مرحوم بخشی غلام محمداور سابق وزیر اعلیٰ مرحوم غلام محمد صادق کے نقش قدم کی پیروی کرنا ہے جبکہ انہوں نے اس جماعت کو بی جے پی کی B ٹیم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جماعت سے نیشنل کانفرنس کو بھی فرق نہیں پڑے گا اور نہ ہی نیشنل کانفرنس کسی کو سودا بازی کرنے کی اجازت دے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت3سابق وزرائے اعلیٰ نظر بند ہیںاور یہ انکی توہین ہے کہ انہیں فراموش کرکے کچھ لوگ سیاسی ہانڈی کو پکار رہے ہیں۔ احسان پردیسی نے کہا کہ انکی جماعت سیاسی طور پر جواب دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔
شیخ غلام قادر پردیسی کے برادر فوت
نیشنل کانفرنس کااظہار تعزیت
سرینگر//قانون ساز کونسل کے سابق رکن اور نیشنل کانفرنس لیڈر شیخ غلام قادری پردیسی کے برادر اصغر علی محمد شیخ المعروف خان اتوار کو انتقال کرگئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں سیاسی اور سماجی جماعتوں سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی اور بٹوارہ میں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ موصوف نیشنل کانفرنس کے صوبائی یوتھ صدر احسان پردیسی کے چچا تھے۔اس دوران نیشنل کانفرنس نے مرحوم کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیاہے۔پارٹی بیان کے مطابق ضلع صدر سرینگر پیر آفاق کی صدارت میں تعزیتی مجلس کا انعقاد ہواجس میں مرحوم کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیاگیا۔ پیر آفاق نے شیخ غلام قادر پردیسی اور احسان پردیسی کے ساتھ بھی تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے ارکان پارلیمان جسٹس(ر) حسنین مسعودی اور محمد اکبر لون نے بھی غلام قادر پردیسی اور احسان پردیسی کے ساتھ تعزیت کی ہے۔