گول//سنگلدان میںآج لوگوں نے اُس وقت ایک زبردست احتجاج کیا جب مقامی نوجوان صحافی کو ایک جے ای کی جانب سے دھمکی ملی کہ وہ پانی بارے خبر کیوں دے رہا ہے ۔اس سلسلے میں لوگوں نے آج ایک پُر امن طور پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ صحت عامہ کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے یہاں پر تعینات جے ای لا پتہ ہے اور جب یہاں پر پانی کی عدم دستیابی کے بارے میں مقامی صحافی شبیر احمد نے اس مسئلے کو اٹھایا تو اُسے جے ای کی جانب سے دھمکی ملی ۔ مقامی لوگوں نے پورے سنگلدان بازار میں نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی عوام کافی عرصہ سے پانی کی عدم دستیابی کا شکار ہے اور محکمہ اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دے رہا ہے لیکن اس کے بر عکس محکمہ کے لوگ غنڈہ گردی پر اُتر آ تے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے اس جے ای کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے علاوہ اسے جلد از جلد یہاں سے تبادلہ کرنے کی مانگ کی ۔