گول//جہاں ایک طرف سے پورے ضلع رام بن میں سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا کام زور و شور سے جاری ہے وہیں دوسری جانب جلد ی سے کاموں کو ختم کرنے اور ٹھیکیداری میں زیادہ سے زیادہ رقم بچانے کے لئے لگے ہوئے ہیں اور سڑکوں پر غیر معیاری میٹریل ڈال کر کام کو ختم کر رہے ہیں لیکن سنگلدان تتا پانی روڈ جو پی ایم جی ایس وائی کے تحت ہے پر آج بی جے پی کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے اس کام کو غیر معیاری بتا کر کام کو روک دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک وفد بھی ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے ملاقی ہوا۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے سندیپ سنگھ جنرل سکریٹری بی جے پی بلاک سنگلدان نے کہا کہ محکمہ اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت کی وجہ سے سڑکوں پر سخت غیر معیاری میٹریل کا استعمال ہو رہا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ ریلوے کام میں جو ملبہ نکلتا ہے ٹنلوں سے جو دھماکوں کے ذریعے سے ملبہ نکالا جا رہا ہے اُس کو سڑکوں کی تعمیر میں استعمال کیا جاتا ہے اورکریشر سے بھی غیر معیاری میٹریل آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹنلوں میں دھماکوں کے ذریعے جو ملبہ نکلتا ہے جس پر سپریم کورٹ نے بھی کہا ہے کہ اس کو کسی بھی تعمیر میں نہیں لگایا جا سکتا ہے لیکن اس کے با وجود کھلے عام یہاں پر تمام محکمہ جات اس ملبے کو تعمیرمیں استعمال کیا جا رہا ہے اور کوئی پوچھے والا نہیں ہے ۔ سندیپ سنگھ نے کہا کہ غیر معیاری میٹریل پر ہم ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے بھی ملے جنہوں نے ایک دو دن کے اندر اندر جائے موقعہ پر ٹیم بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے اُس کے بعد ہی کام کو شروع کرنے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پورے سب ڈویژن میں اس طرح کے غیر معیاری کاموں کی جانچ ہونی چاہئے تا کہ زمینی سطح پر بہتر کام ہو سکے ۔