سنگرونی میں3رہائشی مکانات خاکستر،5اہلکار زخمی

ترال//جنوبی ضلع پلوامہ کے سنگرونی راجپورہ اورترال میں آگ کے دو الگ الگ واقعات میں تین رہائشی مکانات اور ایک گائوخانہ خاکستر ہوگیا ۔ اس دوران فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہو گئے ۔ پلوامہ کے نچان دجن سنگرونی علاقے میں یکم اور دو جنوری کی درمیانی رات کو اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی ۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر ہولناک تھی کہ اس نے دیکھتے دیکھتے بھیانک رخ اختیار کر لیااور اپنی لپیٹ میں دیگر مکانوں کو لیا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق آگ لگنے کے ساتھ ہی فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کو مطلع کیا گیاتاہم جب تک آگ پر قابو پا یا جاتا تین رہائشی مکانات خاکستر ہوچکے تھے ۔ اس دوران جب کیلرفائر اسٹیشن سے آگ بجھانے کیلئے ایک گاڑی سنگرونی کی طرف روانہ ہوئی تو ہلکی برف باری کے باعث شاہراہ پر پھسلن کے نتیجے میں فائر ٹینڈر کو ابہامہ کے نزدیک حادثہ پیش آیا جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار ڈرائیور سمیت پانچ اہلکارزخمی ہوئیجنہیں علاجہ ومعالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثہ پیش آنے کے بعد پکھر پورہ اور دربگام فائر سٹیشنوںسے گاڑیاں سنگرونی پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا گیا۔ادھر ترال قصبہ میں شبیر احمد کمار کے گائو خانے سے اتوار کی صبح آگ نمودارہوئی جس کی وجہ سے پورا گائو خانہ میں گھاس کی ایک بڑی مقدار خاکستر ہوگئی ۔تاہم فائر سروس کی بھر وقت کارروائی  سے علاقے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا ہے ۔