سرینگر// شہر کے لالچوک میں اتوار کو سجنے والا سنڈے مارکیٹ اس وقت توجہ کا مرکزبنا جب ایس آر ٹی سی کی ایک بس پر پٹریوں پر مال فروخت کرنے والوں نے ملبوسات آویزان کئے۔پولو ویو کے نزدیک ایس آرٹی سی کی ایک بس پر کئی اقسام کی ملبوسات ٹانک دئیے اور روایتی انداز میں خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے لگے۔ ایس آر ٹی کی بس پر ملبوسات آویزان دیکھ کر لوگوں کی ایک بڑی تعداد بس کے ار دگرد جمع ہوئی اور کچھ لوگوں نے خریداری بھی کی۔اپنے منفرد انداز میں بس پر رنگ برنگی پوشاک آویزان رکھنے کی وجہ سے خریداروں کی توجہ اس جانب مبذول ہوگئی۔اس دوران یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ایس آر ٹی سی کی اس گاڑی کو کیونکر یہاں کھڑا کیا گیا۔اگر چہ اس سلسلے میں محکمہ کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی تاہم اتوار اور تعطیل ہونے کی وجہ سے رابطہ قائم نہ ہو سکا۔ادھر بس پر ملبوسات آویزان دیکھ کر لوگ بھی حیرت میں پڑ گئے اور موقعہ پر ہی یہ لوگوں نے طنزاً کہا کہ محکمہ کی بسوں کو اب ملبوسات کی عارضی دکانوں میں تبدیل کیا گیاہے۔