گاندربل//شعبہ تعلیم سینٹرل یونیورسٹی کشمیر میں جمعرات کو ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈین سینٹرل یونیورسٹی کشمیر ڈاکٹر سید ظہور احمد گیلانی نے کی۔اجلاس میں یونیورسٹی کے سابق ڈین پروفیسر نذیر احمد ندیم کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔اس موقعہ پر مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور لواحقین کے لئے اس آزمائش کے وقت میں صبر برتنے کے لئے خصوصی دْعا کا اہتمام کیا گیا۔انہوں نے کہا کہموصوف اعلیٰ اقدار کے مالک تھے اوراُن کی سادگی کا ہر شخص معترف تھا۔سینٹرل یونیورسٹی کشمیر انکی اعلیٰ خدمات کو فراموش نہیں کر سکتی جو انہوں نے بحثیت ڈین و ہیڈ شعبہ تعلیم سینٹرل یونیوسٹی آف کشمیر کے بطور انجام دیں۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔اس دوران کشمیر بُک پرموشن ٹرسٹ نے معروف ماہر تعلیم اورسابق سربراہ شعبہ تعلیم سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر پروفیسرنذیر احمد ندیم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔مرحوم کے تعلیم اور دینی و فلاحی کارناموںکو یاد کر تے ہوئے انکو شرافت،دیانت،اور خلوص کامجسمہ قرار دیا گیااور تعلیم کے میدان میں ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پروفیسر حمید نسیم رفیع آبادی،اردو اکادمی کے نورشاہ،ڈاکٹر سید ظہور گیلانی،جموںکشمیر اردو کونسل کے جنرل سیکریٹری جاوید ماٹجی، صوفی علی محمد اورابن احمد عبدالمجید نوشہری اوردیگرافراد نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔دریں اثناء میزان پبلشرز کی طرف سے شبیر احمد نے پروفیسر ندیم کے انتقال پررنج و غم کا اظہار کرتے ہوے مرحوم کو ہمہ گیر اوصاف کا مالک قرار دیتے ہوئے اآن کی مغفرت کیلئے دعا کی۔