سرینگر//’آزادی کا امرت مہا اتسو‘ کے ایک حصے کے طور پر ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن کی فوڈ سیفٹی ونگ نے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا کے تعاون سے پیر کو ’ایٹ رائٹ میلہ‘ کا انعقاد کیا۔ ڈل جھیل کے کنارے ہوٹل سنطورمیںصوبائی کمشنر کشمیر پانڈورنگ کے پولے نے کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن شکیل الرحمٰن کی موجودگی میں میلے کا افتتاح کیا۔ شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر سلیم خان، ڈین ریسرچ IUST پروفیسر ہارون رشید نائیک،ڈسٹرکٹ پروگرام افسر زینت آرا، چیف میڈیکل افسر سرینگر ڈاکٹر جمیل سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے میلے میں شرکت کی۔میلے میں مختلف محکموں جیسے زراعت، باغبانی، HPMC اور کشمیر صوبے کے سرکردہ صنعت کاروں کے فوڈ اسٹالز لگائے گئے تھے تاکہ مقامی پیداوار کو ظاہر کیا جا سکے اور صارفین میں محفوظ اور صحت بخش کھانے کی عادت پیدا کی جا سکے۔اس موقع پر صوبائی کمشنر نے اپنے خطاب میں اناج، پھل اور گری دار میوے کھانے کے علاوہ موسمی پھلوں اور سبزیوں کے استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نمک، چینی اور چکنائی والی غذاؤں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کریں کیونکہ ایسی غذائیں صحت کے مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔انہوں نے محکمہ پر زور دیا کہ وہ صارفین کو محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے میں اپنی کوششوں کو دوگنا کریں۔کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے اپنے خطاب کے دوران محکمہ کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور فوڈ بزنس آپریٹرز خصوصاً مینوفیکچرنگ، ہوٹل والوں اور ریسٹورنٹ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ اچھی مینوفیکچرنگ اور حفظان صحت کے طریقوں کو اپنائیں اور جلد از جلد حفظان صحت کی درجہ بندی سے گزریں۔انہوں نے کہا کہ وہ فوسٹاک کی تربیت حاصل کریں تاکہ صارفین کو صاف ستھرا کھانا دستیاب ہو۔ڈین ریسرچ IUST نے فوڈ سائنس کے میدان میں مزید تحقیق اور اختراعی کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری سرینگر میں جانچ کی سہولیات کو بڑھانے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ڈاکٹر سلیم خان نے ملاوٹ شدہ اور غیر محفوظ خوراک کے انسانی صحت پر اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر صحت مند طرز زندگی جس میں صحت مند کھانے کی عادات شامل ہیں، کو اپنایا جائے تو غیر متعدی امراض کا گراف نیچے لایا جا سکتا ہے۔فوڈ سیفٹی کے اسسٹنٹ کمشنر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے حاضرین کو یقین دلایا کہ محکمہ صارفین کو محفوظ اور صحت بخش خوراک کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا جس کے لیے انہوں نے فوڈ بزنس آپریٹروں کے خلاف شکایات درج کرانے میں ان سے تعاون طلب کیا جو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کی مختلف شقوں پر عمل نہیں کرتے۔اس موقع پر ڈل جھیل میں ایک شکارا ریلی نکالی گئی جس میں محفوظ، صحت مند اور غذائیت سے بھرپور خوراک کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
سنطور ہوٹل میں’ایٹ رائٹ میلہ‘
