عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//حکومت دریائے چناب پر رنبیر نہر کی لمبائی میں اضافہ کرنے کے منصوبوں پر غور کر رہی ہے تاکہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جا سکے جو بھارت کو پہلگام حملے کے بعد سندھ آبی معاہدے کو منسوخ کرنے کے بعد ملے گا۔ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اب تک، ہندوستان چناب کا محدود پانی زیادہ تر آبپاشی کے لیے استعمال کرتا رہا ہے، ، لیکن اب اس معاہدے کو التوا میں ڈالنے سے، توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خاص طور پر بجلی پیدا کرنے کے شعبے میں اس کے استعمال کو بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔حکام نے کہا کہ ہندوستان ان دریائوں پر تقریباً 3000 میگا واٹ کی پن بجلی پیدا کرنے کی اپنی موجودہ صلاحیت کو بڑھانے کا منصوبہ بنا رہا ہے جو پہلے پاکستان کے زیر استعمال تھے اور اس سلسلے میں ایک فزیبلٹی اسٹڈی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔حکام نے بتایا “بڑے منصوبوں میں سے ایک رنبیر نہر کی لمبائی کو 120 کلومیٹر تک بڑھانا ہے،” ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے وقت درکار ہے، “تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس عمل کو تیز کرنے پر زور دیا گیا ہے”۔انہوں نے کہا کہ مزید برآں، کٹھوعہ، راوی اور پرگوال نہروں پر بھی ڈیسلٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔1960 میں ورلڈ بینک کی ثالثی میں، سندھ آبی معاہدہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دریائے سندھ اور اس کی معاون ندیوں کی تقسیم اور استعمال کو کنٹرول کرتا تھا۔لیکن ہندوستان نے پہلگام حملے کے بعد اس معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے بعد سے یہ برقرار رکھا ہے کہ یہ معاہدہ اس وقت تک معطل رہے گا جب تک کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی کی حمایت کو قابل اعتبار اور اٹل طریقے سے ترک نہیں کرتا۔