سندربنی میں فائرنگ اور گولہ باری

راجوری //حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور اتوار کے روز سندربنی میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا ۔سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سندربنی کے کیری سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کرکے بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے رد عمل میں بھارتی فوج نے بھی موثر جواب دیا ۔فائرنگ اور گولہ باری کا یہ سلسلہ شام 6بج کر 30منٹ پر شروع ہو اجس دوران چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال بھی کیاگیا۔فوج کے مطابق پاکستانی فوج نے اشتعال انگیزی کرتے ہوئے شلنگ اور مارٹر گولے برسائے جس کا موثر جواب دیاگیا۔ فائرنگ اور گولہ باری کا یہ سلسلہ آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھا۔