رام بن//کمشنر سیکرٹری برائے حکومت محکمہ جنگلات سنجیو ورما نے ضلع رام بن کا ایک وسیع دورہ کیا اور آزادی کا امرت مہواتسو کے تحت شجر کاری مہم کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر کمشنر سیکرٹری نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول رام بن کے احاطے میں پی آر آئی ممبران اور ولیج پنچائت پلانٹیشن کمیٹی ( وی پی پی سی ) کے ممبران کی موجودگی میں چنار کا پورا لگایا اور ان کے ساتھ اور ضلع رام بن کے جنگلاتی علاقوں کے آس پاس رہنے والے لوگوں سے بات چیت کی ۔ سنجیو ورما نے ان پہاڑی علاقوں کیلئے بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی کی اہمیت پر زور دیا جس سے مقامی لوگوں کیلئے گھاس اور چارے کی پیداوار بڑھانے میںمدد ملے گی اور ساتھ ہی اس علاقے کے حیوانی جانوروں کیلئے رہائش گاہ کو بھی بہتر بنایا جائے گا ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ جنگلات کے کاموں کو محکمہ دیہی ترقی کے ساتھ منریگا کنور جنس پلان کے تحت مربوط کریں ۔سنجیو ورما نے مزید کہا کہ محکمہ جے کے گرین ڈرائیو کے کامیاب نفاذ کیلئے وی پی پی سیز کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے جموں کشمیر بھر میں ایسے پروگرام منعقد کر رہا ہے ۔ جنگلات کے تحفظ کیلئے محکمہ جنگلات کے افسران اور اہلکاروں اور دیگر تمام جنگلات کے مکینوں کی تعریف کرتے ہوئے کمشنر سیکرٹری نے گاؤں کی پنچائت کمیٹیوں سمیت مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ جنگلات کی حفاظت کریں ۔ دریں اثنا پی سی سی ایف نے مطلع کیا کہ پورے یو ٹی میں 1.30 کروڑ پودے لگائے جائیں گے جس کے تحت 12000 ہیکٹر رقبے کا احاطہ کیا جائے گا ۔