عاصف بٹ
کشتواڑ//خطہ چناب کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی واحد کشتواڑ سنھتن اننت ناگ قومی شاہراہ پر برف ہٹانے کا عمل منگل بعد دوپہر مکمل ہوگیا۔ کوکرناگ انتظامیہ نے سنتھن ٹاپ تک چند روز قبل ہی برف ہٹانے کا عمل مکمل کرلیا تھا اور اب کشتواڑ انتظامیہ نے بھی اسے مکمل کرلیا اور کل اسکے کھلنے کاامکان ہے۔نیشنل ہائی وے کے جونیئر انجینئرنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دوسو میٹر پر برف ہٹاناباقی رہ گیا تھا جسے آج مکمل کرلیا گیا اور کل ا علیٰ حکام اسکامعاینہ کریں گے جسکے بعد رپورٹ انتظامیہ کو بھیج دی جاے گی۔ایس ڈی ایم چھاترو نے بتایا کہ دیر شام کوکرناگ والی طرف دوبارہ پسی گرآئی ہے جسکے سبب سڑک بند ہوئی ہے اور اسکی مکمل بحال کے بعد ہی ٹریفک کی آواجاہی کو شروع کرنے کا فیصلہ لیا جائے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرما نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ ایس ڈی ایم کوکرناگ و ایس ڈی ایم چھاترو کو حکم نامے جاری کرنے کو کہا گیاہے اور گاڑیوں کو آنے وجانے کیلئے دونوں اطراف سے وقت مقرر کیا جائے جسکے بعد کسی گاڑی کو چلنے کہ اجازت نہ ہوگی۔ واضح رہے کہ پہلی مرتبہ اپریل کے مہینے میں قومی شاہراہ پر آمدورفت بحال ہوگی۔ یہ سڑک نومبر کے مہینے میں برفباری کے بعد آمدورفت کیلئے بند کردی جاتی تھی جسکے بعد مئی میں یہ سڑک بحال کردی جاتی تھی تاہم امسال اپریل میں ہی کھولی جارہی ہے۔