سنئی گائوں کے وارڈ نمبر 4میں پل کی عدم موجودگی

سرنکوٹ// سنئی گائوں کی حلقہ پنچایت مڈل سنئی میں پل نہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ گورنمنٹ پرائمری سکول کے طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ پنچایت مڈل سنئی کی وارڈ نمبر 2میں ایک پرائمری سکول میں متعدد بچے زیر تعلیم ہیں اور ان بچوں کی زیادہ تعداد وارڈ نمبر چار سے ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ وارڈ نمبر چار کے بچوں کو ایک نالہ پار کر کے سکول جانا پڑتا ہے لیکن اس نالے پر پل نہ ہونے کی وجہ سے ان بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔امتیاز احمد اور محمد رفیق نامی افراد نے بتایا کہ وارڈ نمبر دو اور وارڈ نمبر چار کے درمیان ایک نالہ آتا ہے جس کو عبور کرنے میں بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس مقامی پر دو بر س قبل ایک پلی کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن اس کو ابھی تک مکمل نہیں کیا جاسکا ہے ۔مقامی لوگوں نے مقامی و ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علا قہ میں پل کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ مقامی لو گوں کیساتھ ساتھ سکولی طلباء کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔