سنئی میں پانی کی قلت پر احتجاج

سرنکوٹ//سرنکوٹ کے سنئی علاقے کے لوگوں نے پانی کی قلت پر بالآخر احتجاج کا راستہ اختیار کرتے ہوئے جموں پونچھ شاہراہ پر ٹریفک بند کرکے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔علاقے میں پچھلے کئی عرصہ سے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور اس مسئلے کے حل کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاگیا ۔منگل کے روز بڑی تعداد میں مردو خواتین نے جموں پونچھ شاہراہ پر سنئی چوک میں جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا جس دوران گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوکر رہ گئی ۔مظاہرین نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ محکمہ پانی کی قلت کو دو رکرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا اور افسران و ملازمین کی طرف سے حد درجہ کی لاپرواہی کا مظاہرہ ہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس بارے میں بارہا حکام سے بات کی گئی اور ان کو پانی کی سپلائی کی اپیل کی گئی مگر انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی اور انہیں آج احتجاج کرنے پر مجبور ہوناپڑاہے ۔اس احتجاج کی وجہ سے لگ بھگ آدھے گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی ۔بعد ازآں سرنکوٹ پولیس تھانے سے پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور ساتھ ہی محکمہ پی ایچ ای کے افسران بھی سنئی آئے جنہوں نے پانی کی سپلائی کا یقین دلاکر یہ احتجاج ختم کروایا ۔