سمبل واقعہ پر سرنکوٹ میں احتجاجی ریلی

 سرنکوٹ //انجمن جعفریہ سرنکوٹ کی طرف سے بعد نماز جمعہ ایک احتجاجی جلوس نکالاگیا جس میں سمبل واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے 3سالہ کمسن بچی کو انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ۔یہ جلوس امام بارگاہ سرنکوٹ سے شروع ہوکر تحصیل کمپلیکس میں اختتام پذیر ہواجس میںبڑی تعداد میں لوگو ں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈاکٹر سید افتخار حسین جعفری ، مولانا ظہیر جعفری اور مولانا اختر حسین نے کہاکہ سمبل واقعہ انسانیت کے نام پر دھبہ ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے یہ لازمی ہے کہ درندہ صفت ملزمین کو سزائے موت دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسی حرکت نہ کرے ۔انہوں نے کہاکہ اگر ماضی میں پیش آئے واقعات پر سبق آموز کارروائی ہوئی ہوتی تو سمبل واقعہ پیش نہیں آتا لیکن بدقسمتی سے مجرموں کو ان کے کئے پر سزا نہیں ملتی ۔انہوں نے کہاکہ وہ متاثرہ بچی کے ساتھ ہیں اور اس کو انصاف دلانے کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔اس دوران مظاہرین نے ایس ڈی ایم سرنکوٹ سے ملاقات کرکے ایک میمورنڈم گورنر کے نام انہیں پیش کیا ۔