عازم جان
بانڈی پورہ// ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے بدھ کو ضلع کے سمبل سب ڈویژن میں جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت چلائے جارہے مختلف پروجیکٹوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کے ساتھ سب ڈویژنل انتظامیہ کے افسران ، تحصیلدار سمبل، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی سمبل کے علاوہ دیگر افرادبھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈی سی نے پانی کی فراہمی کے مختلف پروجیکٹوں کا معائنہ کیا جو جل جیون مشن کے تحت چلائے جارہے ہیں تاکہ علاقے کے ہر گھر کو نل کا پانی فراہم کیا جاسکے۔ڈی سی کو بتایا گیا کہ واٹر سپلائی سکیموں کے بڑے حصے مکمل ہو چکے ہیں۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ سمپس، فلٹریشن پلانٹس، آبی ذخائر وغیرہ کی تعمیر کے لیے معیاری کام اور تعمیراتی مواد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر ڈی سی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں پر عملدرآمد کو تیز کیا جائے تاکہ موسم سرما کے آغاز سے قبل کام مکمل ہو جائیں۔