سماگرا کے تحت سکولوں کی تعمیر میں آئی خلل دور | ہائر سکینڈری سنکاری و ہائی سکول لڑکوتی کی تعمیر جلد شروع ہوگی

 راجوری //اسٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر، سماگرا دیپ راج کی ہدایت پر، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ، سماگرا بلال رشید کی سربراہی میں محکمہ کی ایک ٹیم نے طویل عرصے سے زیر التوا زمینی تنازعات کو حل کرنے کیلئے راجوری ضلع کے تعلیمی زون کوٹرنکہ کا دورہ کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ بلال رشید نے بتایا کہ سماگرا کے تحت ہائی سکول سنکاری کو ہائر سیکنڈری سکول سنکاری کے طور پر اپ گریڈ کیا گیا تھا اور 19 – 2018میں ٹوائلٹ کے ساتھ آٹھ کلاس رومز کی منظوری دی گئی تھی جس کی تخمینہ لاگت 99.00 لاکھ روپے تھی لیکن زمین کی عدم دستیابی کی وجہ سے کام شروع نہیں ہو سکا۔اسی طرح سڑک سے تقریباً ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہائی سکول لڑکوتی میں 250سے زائد بچوں کی رجسٹریشن ہے تاہم ان بچوں کیلئے صرف تین کمرے ہیں جبکہ عمارت کیلئے 99.00 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے آٹھ کمروں کے ساتھ بیت الخلاء کی تعمیر کی منظوری دی گئی تھی لیکن زمین کی عدم دستیابی کی وجہ سے تاحال کام شروع نہیں ہو سکا۔اسکولوں کے طلباء کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور اسکول انتظامیہ کیلئے کلاسز کا انتظام کرنا مشکل تھا۔ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ، سماگرا نے مزید کہا کہ، اسٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر، سماگرا دیپ راج اسکولوں کو اچھا انفراسٹرکچر فراہم کرنے کیلئے بے حد خواہشمند ہے جس کی وجہ سے انہوں نے متعلقہ زیڈ ای او، متعلقہ ہیڈ ماسٹر اور ٹیکنیکل اسٹاف کے ساتھ سائٹس کا دورہ کیا تاکہ مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے اور ٹینڈرز کے اجرا کے بعد تعمیراتی کام شروع کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر سماگرا کی ہدایات ہیں کہ پراجیکٹ کے پروجیکشن سے پہلے پہلے فزیبلٹی کا جائزہ لیا جائے، تاکہ عملدرآمد کے دوران زمین کی دستیابی کے مسائل سے بچا جا سکے اور ان سکولوں کیلئے انفراسٹرکچر تیار کیا جا سکے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ زمین کے دونوں تنازعات حل ہو گئے ہیں ۔