سماجی ہم آہنگی کیلئے بین الاعلاقائی سڑک رابطوں کی تعمیراہم

کنگن // نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے ریاست میں اندر ونی خطوں کے مابین سڑک رابطوں میں اضافہ کرنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک میں سڑکیں وہاں کی اقتصادی ترقی میں اہم کردارادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہتر سڑک رابطوں سے سماجی ہم آہنگی میں جہاں بہتری آتی ہے وہی روزگار کے بہتر مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔ کلن گنڈ کنگن میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ عمر عبداللہ کے دور اقتدار میں ریاست میں سڑک ڈھانچوں میں بہتری آئی،تاہم سابق مخلوط سرکار نے دانستہ طور پر ریاست کے اہم سڑک پروجیکٹوں پر کام روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ پورہ،وائلو ٹنل،زیڈ موڈ ٹنل،سادھنا ٹاپ ٹنل،جبکہ مغل روڈ پر زیر غور ٹنل جیسے پروجیکٹوں میں کوئی بھی پیش رفت نہیں ہوئی،اور یہ اب نظروں سے اوجھل ہوچکے ہیں۔ڈاکٹر عبداللہ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ سڑک رابطوں میں گزشتہ4برسوں کے دوران کوئی بھی پیش رفت نہیں نہیں ہوئی،جبکہ جو لوگ دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر ہیں انہیں موسم سرما کے دوران بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی نہیں ہوتی۔ نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ موسم سرما میں برفباری کے ساتھ ہی ریاست کے سرحدی علاقے دیگر علاقوں سے کٹ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت نے ہمیشہ تمام خطوں کے درمیان حائل رکاوٹوں کو پاٹنے کیلئے صف اول پر کام کیا ہے۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر عبداللہ نے مرحوم غلام محمد شیخ ساکن گنڈ کلن کے اہل خانہ سے انکی والدہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ان کے ہمراہ علی محمد ساگر ڈاکٹر مسطفیٰ کمال اور ناصر اسلم وانی بھی تھے۔