سلمان کرناہ میں تین منزلہ مکان خاکستر

سرینگر //سلمان کرناہ میں آگ کے ایک واقعہ میں تین منزلہ مکان خاکستر ہوگیاجس کے باعث 4کنبے بے خانما ہوگئے۔ جمعہ کی صبح سب ڈویژن کرناہ کے سلمان گائوں میں سلینڈر سے گیس اخراج ہونے سے آگ ظاہر ہوئی جس نے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیااور راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔مکان ہو میں 30افراد پر مشتمل 4 کنبے رہائش پذیر تھے اور وہ کھلے آسمان تلے زندگیاں گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔آگ کی وجہ سے متاثر ہونے والوں میں بیوہ شرینہ بیگم زوجہ مرحوم غلام حسین میر ، محمد اقبال میر ،محمد رفیع میر اور شکیل احمد میر پسران محمد ایوب میر شامل ہیں ۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ انہیں آنے والے ایام میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔