سرینگر// گورنر این این ووہرا نے راج بھون میں سول، پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں کے علاوہ دیگر سراغرساں ایجنسیوں کے افسران کی ایک میٹنگ میں ریاست کی سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا۔ناردن آرمی کمانڈر لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ،گورنرکے مشیر کے وجے کمار،چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم، ڈائریکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ایس پی وید، 15 ویں کور کے جی او سی لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولا، پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئل، اے ڈی جی پی ہوم گارڈز سیکورٹی اور لاء اینڈ آرڈر مُنیر خان ، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی، آئی جی پی سی آر پی ایف کشمیر روی دیپ سنگھ ساہی، آئی جی بی ایس ایف سونالی مشرا اور ریاستی و مرکزی سراغرساں ایجنسیوں کے افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔موجودہ سلامتی صورتحال کا جائیزہ لیتے ہوئے گورنر نے زمینی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھنے اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں و سول انتظامیہ کے مابین قریبی تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ملی ٹینسی مخالف کاروائیوں کے دوران ضابطہ عمل پر سختی سے عمل پیرا رہنے کی ہدایت دی۔گذشتہ چار ہفتوں کے دوران سرحد پر در اندازی کی کوششوں کا جائیزہ لیتے ہوئے گورنر نے بین الاقوامی سرحد اور لائین آف کنٹرول پر کڑی نگاہ رکھنے کے علاوہ اہم تنصیبات اور شخصیات کے تحفظ کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔یٹنگ میں امرناتھ یاترا سے متعلق امور کے علاوہ آنے والے شہری بلدیاتی اور پنچائت انتخابات کے لئے موافق ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سلامتی صورتحال کا جائزہ, بلدیاتی وپنچایتی انتخابات کیلئے موافق ماحول بنانے پرگورنر کا زور
