عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سعودی عرب میں جھلسادینے والی گرمی کی وجہ سے رواں سال جموں و کشمیر کے 10حجاج کرام سمیت1301لقمہ اجل بن گئے۔سعودی وزیرصحت فہدالجلاجل کا کہنا ہے کہ اس سال حج کے دوران شدید گرمی کے باعث 1301 اموات ہوئیں۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیر موصوف نے بتایا کہ ان اموات میں 83 فیصد وہ افراد تھے جو بغیر پرمٹ کے حج کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بغیر پرمٹ افراد نے صحت سے متعلق ہدایات پرعمل نہیں کیا، جن میں سے 95 مریض ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔دوسری جانب سعودی عرب میں شدید گرمی کی وجہ سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں جمعہ کے خطاب اور نماز سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔سربراہ برائے مسجد الحرام و مسجد نبوی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے جمعہ کی نماز کے خطاب کا دورانیہ کم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔نئے احکامات کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں جمعہ کا خطاب اور نماز پندرہ منٹ کے اندر ادا کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ سخت گرم موسمی حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے، یہ تبدیلی سخت گرمیوں تک جاری رہے گی، جس کے بعد سابقہ روٹین پر عمل درآمد کیا جائے گا۔