سرینگر//پولیس نے چوری کا معمہ حل کرکے لاکھوں روپیہ مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی برآمد کرکے ضبط کئے۔13ستمبرکو جاوید احمد خان ولد محمد اسلم ساکنہ سعدہ کدل نے پولیس اسٹیشن رعناواری میں شکایت درج کی کہ نامعلوم افراد اُس کے رہائشی مکان میں گھس گئے اوروہاں موجود طلائی زیورات کے ساتھ ساتھ نقدی 31لاکھ روپیہ چُرا کر فرار ہوئے۔ چنانچہ پولیس اور فارینسک ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور رہائشی مکان کا جائزہ لینے کے دوران کئی سراغ ملنے کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی فوٹیج بھی حاصل کی ۔ رہائشی مکان میں بطور ملازم کام کرنے والے کئی مشتبہ افراد کے ٹیلی فون کالز کو کھنگالا گیا ۔ پوچھ گچھ کے دوران پولیس نے ایک مشتبہ شخص ہاشم جو کہ پیشہ سے گھریلو ڈرائیور بھی ہے کو تفتیش کیلئے پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا ۔ تحقیقات کے دوران ڈرائیور نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے کہاکہ اُس نے رائیس احمد گنائی ولد عبدالاحد ساکنہ نیو کالونی پالپورہ نامی اپنے ایک دوست کو چوری سے قبل رہائشی مکان کے کمروں کے بارے میں بذریعہ ویڈیو کال جانکاری فراہم کی اور نقب زنی کے سلسلے میں ایک پلان ترتیب دیا۔ چنانچہ چند روز کے بعد مالک مکان اور اُس کے اہل خانہ کو شادی کی تقریب میں شمولیت کیلئے لالبازار جانا تھا تو اُس نے اسی دوران چوری کے سلسلے میں ترتیب دئے گئے۔ پولیس نے چوری میں ملوث ڈرائیور کے دوست کو بھی گرفتار کرکے دونوں سے پوچھ گچھ شروع کی اور اُن کی نشاندہی پر 26لاکھ روپیہ مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی 4لاکھ 96ہزار روپیہ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔
سعدہ کدل میں چوری کا معمہ حل
