سری نگر میں پیٹرول پمپوں پر لوگوں کی غیر معمولی بھیڑ بھاڑ

نیوز ڈیسک
سری نگر// جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر اور اس کے مضافات میں قائم پیٹرول پمپوں پرلوگوں کی غیر معمولی بھیڑبھاڑ کے باعث پیٹرول پمپ خالی ہو گئے ہیں۔

 

صوبائی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی قلت نہیں اور اس ضمن میں پھیلائی جانے والی افواہیں حقیقت سے بعید ہے۔

 

 سری نگر اور اس کے مضافات میں قائم پیٹرول پمپوں پر جمعرات کی صبح سے ہی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئیں جن میں کچھ لوگ اپنی گاڑیوں میں پیٹرول ڈالنے کا انتظار کر رہے تھے تو کچھ لوگ ہاتھوں میں لئے کینوں میں پیٹرول لینے کے منتظر تھے۔

 

لوگوں کی غیر معمولی بھیڑ کا اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پیٹرول پمپوں کے مالکان نے بورڈ آویزن کئے کہ پمپ خالی پڑے ہوئے ہیں۔

 

مولانا آزاد روڑ پر واقع ایک پٹرول پمپ پر اپنی بھاری کا انتظار کرنے والے شبیر احمد نامی ایک صارف نے بتایا ‘میں صبح کے قریب آٹھ بجے سے یہاں قطار میں کھڑا ہوں اور کئی گھنٹے گذر جانے کے بعد بھی مجھے ابھی بھاری نہیں آئی’۔

 

سری نگر کی طرح وادی کے دوسرے حصوں میں بھی پیٹرول کے پمپوں پر لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔

 

دریں اثنا صوبائی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ وادی میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی قلت نہیں اور اس ضمن میں پھیلائی جانے والی افواہیں حقیقت سے بعید ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ وادی میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر سٹاک موجود ہے لہذا اس حوالے سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔

 

حکام نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ضرورت کے مطابق ہی پیٹرول خریدے کیونکہ پیٹرول اور ڈیزل ڈمپ کرنے سے صارفین کو قلت کا سامنا کرناپڑسکتا ہے لہذا لوگ ایسا کرنے سے گریز کریں۔