سرینگر// اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہاکہ جموں میں موجودہ بنچ کے علاوہ سرینگر میں سینٹرل ایٖڈمنسٹریٹیو ٹریبونل بنچ کے قیام سے خطہ کے ہزاروں ملازمین کے مسائل کا ازالہ ہوگا۔ وقتاًفوقتاً وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور لیفٹیننٹ گورنر جموں وکشمیر کے ساتھ سلسلہ وار میٹنگوں کو یاد کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا اپنی پارٹی نے حکومت سے یادداشتوں کے ذریعے نہ صرف جموں وکشمیر کے دونوں خطوں کے لئے علیحدہ CATبنچ قائم کرنے کا مطالبہ کیا بلکہ اِس کی مطالبہ کی حصولی کیلئے اپنی کوششیں بھی جاری رکھیں۔انہوں نے کہاکہ 2020کے شروع میں ہم نے جموں وکشمیر ہائی کورٹ سے 30ہزار سے زائد سروس معاملات کو CATبنچ جموں منتقل کرنے کا احتجاج کیاتھاکیونکہ وادی کشمیر کے ملازمین جموں نہیں جاسکتے اور نہ ہی وہاں رہ کر اپنی ملازمت سے متعلق مقدمات کی پیروی کرسکتے ہیں۔ الطاف بخاری نے کشمیر سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے دیرینہ مطالبہ کو پور ا کرتے ہوئے سرینگر میں کیٹ بنچ قائم کرنے کو منظوری دیئے جانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیاجس سے اب جموں وکشمیر یوٹی اور مرکزی ملازمین سروس سے متعلق معاملات پر انصاف کے لئے کیٹ بنچ سرینگر سے با آسانی رجوع کرسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل اپنی پارٹی کی ہی کاؤشوںکے نتیجہ میں جموں وکشمیر کے ملازمین کو کیٹ بنچ چندی گڑھ کے حد اختیار سے باہر رکھاگیا اور جموں میں سرکٹ بنچ قائم کیاگیا۔