سرینگر میں نیشنل پنشن عدالت کا افتتاح

سرینگر//اکاؤنٹنٹ جنرل ( اے جی) شورجو چیٹرجی نے پنشنروں کے مسائل حل کرنے کی غرض سے یہاں نیشنل پنشن عدالت ( این پی اے) کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرل نے کہا کہ نیشنل پنشن عدالت شفاف انتظامیہ کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد پنشنروں کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کوشش سے محکمہ میں شفافیت لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے اپنی ویب سائٹ پر پنشن معاملات کی موجودہ صورتحال کے بارے میں ہفتہ وار بنیادوں پر اپ لوڈ کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ باقی ماندہ پنشنروں کے رویثرن معاملات جلد از جلد نمٹائے گا۔اس سے قبل ڈپٹی اکاؤنٹنٹ جنرل( اکاؤنٹس) سنگیتا پُرسوانی نے باقی ماندہ پنشن معاملات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔بعد میں اکاؤنٹنٹ جنرل نے ایس ایم ایس سروس کا آغاز کیا جو پنشنروں کو اُن کے معاملات کے بارے میں جانکاری فراہم کرے گی۔انہوں نے پنشنروں کو یقین دلایا کہ اُن کے معاملات کو مقررہ مدت کے اندر حل کیا جائے گا۔اکاؤنٹنٹ جنرل نے اس موقعہ پر پنشنروں میں پنشن رپورٹ کی ہارڈ کاپی بھی تقسیم کی۔