سرینگر//وادی میں جاری خشک موسم کے نتیجے میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی آسکتی ہے کیونکہ محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی کے مطابق 26دسمبر شام سے موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے اور 27دسمبر کی درمیانی شب تک بالائی و میدانی علاقوں میں ہلکی و درمیانہ درجے کی برفباری ہوسکتی ہے ۔چلہ کلان کی آمد کے دوسرے روز بھی درجہ حرارت میں بہتری دیکھی گئی لیکن آئندہ چند روز میں اس میں کمی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شدیدٹھنڈ جاری رہنے کے ساتھ ساتھ اگرچہ دن بھر ہلکی دھوپ نکل آتی ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ آرہی ہے ۔ شہر سرینگر میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.2 درج ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر اور صوبائی علاقے لہہہ اور کرگل میں سردی کی شدید لہر نے پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور یخ بستہ ہوائوں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ جبکہ وادی کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ اسی طرح لداخ خطے کے دراس میں بھی درجہ حرارت بہت ہی حد تک نیچے آگیا ہے اور گذشتہ رات کے دوران وہاں پارہ منفی27ڈگری تک گر گیا۔وادی کے گلمرگ میں گذشتہ رات کے دوران منفی5.8ڈگری جبکہ پہلگام میںدن کا درجہ حرارت 4.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ میں منفی 4.6،کپوارہ میں منفی 2.4کوکرناگ میں منفی 3.6 ریکارڈ کیا گیا۔شدید سردی کی وجہ سے شہر سرینگر اور دیگر علاقوں میں آبی ذخائر منجمد ہورہے ہیں۔پانی کئے نل جم گئے ہیں۔ اس طرح کی صورتحال شہر سرینگر کے علاوہ شمالی و جنوبی کشمیر میں دیکھی جارہی ہے۔
سرینگر میں درجہ حرارت منفی5.2ریکارڈ | 26اور 27دسمبر کو ہلکی برفباری کا امکان
