سرینگر// سرینگر میں جمعرات کواندرونی رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے پر توجہ دی گئی۔اس سلسلے میں مکینیکل انجینئرنگ اور تعمیرات عامہ محکموں کی خدمات حاصل کرلی گئیںاوراس کیلئے بڑی تعداد میں مشینیں کرایہ پر لی گئیں۔آر اینڈ بی محکمہ نے اس سلسلے میں 110مشینیں جس میں 48جے سی بی 64ٹریکٹر استعمال میں لاکر900کلومیٹر سڑکوں سے برف ہٹالی گئی جبکہ جن گلی کوچوں میں مشینیں نہیں جاسکی وہاں ہزاروں ملازمین کو کام پر لگایا گیا تھاجن میں سرینگر میونسپل کارپوریشن کے تین ہزار ملازمین بھی شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے دن کے پہلے نصف حصے کو برف ہٹانے اور ضروری خدمات اور راشن کا معائنہ کرنے میں گزارا۔انہوں نے شہر خاص اور کھنموہ ، چیک سانگری ، زیون ،بالہامہ ، سمپورہ ، پاندریٹھن اورہارون کا دورہ کیا۔ انہوں نے چھانپورہ اور تحصیل شالٹینگ کے متعدد علاقوں کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے ضلع کے باشندوں کے صبر اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر متاثرہ خدمات کو بحال کردیا گیا ہے اور اس نے ضلع بھر میں باقی تمام گلیوں اور بائی لینوں سے برف کو ہٹانے کی یقین دہانی کرائی ۔بجلی کے منظر نامے کے سلسلے میں بتایا گیا کہ جمعرات کی شام تک ضلع کے 368 کے وی فیڈروں اور 258 11 کے وی فیڈروں میں سے 254 چارج کئے گئے جبکہ برف باری میں 6505 ٹرانسفارمروں میں سے 10 کو تبدیل کیا جارہا ہے۔