سرینگر مسلح تصادم: مہلوک جنگجوﺅں میں حریت لیڈر اشرف صحرائی کا بیٹا بھی شامل

سرینگر//نوا کدل سرینگر میں جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین منگل کوجو مسلح تصادم ختم ہوا اُس میں جاں بحق ہوئے دو جنگجوﺅں میں جنید اشرف صحرائی بھی شامل ہے۔دوسرے جاں بحق جنگجو کی شناخت طارق احمد شیخ ساکن پلوامہ کے طور کی گئی ہے۔
کشمیر یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری رکھنے والے جنید صحرائی، تحریک حریت کے چیئر مین اور حریت کانفرنس (گ) کے لیڈر محمد اشرف صحرائی کا بیٹا تھا جس نے2018میں جنگجوﺅں کی صف میں شمولیت اختیار کی تھی۔
اس سے قبل پولیس نے کہا تھا کہ شہر سرینگر کے نوا کدل علاقے میں جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین مسلح تصادم آرائی کے دوران حزب المجاہدین سے وابستہ دوجنگجو جاں بحق ہوگئے ہیں۔
 جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین مسلح تصادم شروع ہوتے ہی شہر اور اس کے مضافات میں موبائیل انٹر نیٹ سروس اور بی ایس این ایل کو چھوڑ کر موبائیل فون سروس بھی معطل کردی گئی۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ تصادم آرائی کے دوران فورسز کے دو اہلکار زخمی ہوگئے جن میں ایک پولیس اور دوسرا سی آر پی اہلکار شامل تھے ۔
یہ تصادم شہر کے گنجان علاقہ کنہ مزار، نوا کدل میں اُس وقت شروع ہوگیا جب فورسز نے جنگجوﺅں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد یہاں محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن کا آغاز کیا۔