کنگن//سرینگر لیہہ شاہراہ گیارہویں روز بھی آمدورفت کے لئے بند رہی۔ تازہ برفباری کے بعد 434کلو میٹر سرینگر لیہہ شاہراہ آمدورفت کے لئے بدستوربند ہے جس کے نتیجے میں دراس، کرگل، اور سونہ مرگ کے مختلف مقامات پر سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہیں۔ زوجیلامیںتیز ہواؤں کی وجہ سے سڑک پر برف جمع ہوگئی ہے اور برف ہٹانے میں کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ ڈی ایس پی ٹریفک رول گاندربل فہیم علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سونہ مرگ میں جتنی گاڑیاں درماندہ تھیں،ان کو گگن گیر واپس لایا گیاکیونکہ سونہ مرگ میں درجہ حرارت میں کمی کے باعث ڈرائیوروں کو کافی مشکلات پیش آرہی تھیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زوجیلامیں تیز ہواؤں کی وجہ سے ایک گھنٹے میں تین فٹ جمع ہو گئی ہے۔ آئی جی پی ٹریفک ٹی نمگیال نے بتایا کہ زوجیلا پر برفانی تودے گرآنے کی وجہ سے شاہراہ پر گاڈیوں کی آمدورفت بند ہے۔ ادھر بیکن نے امسال زوجیلا کے باجری نالہ اور سونہ مرگ میں مزید کیمپ قائم کئے ہیں جہاں پر مزدوروں، آپریٹروں اور مشینری کو متحرک رکھا گیا ہے۔