سرینگر لداخ شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام جاری

 
کنگن // سرینگر لداخ شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شدو مد سے جاری ہے۔ بیکن محکمہ نے 5 مارچ کو جبکہ دراس میں دس مارچ سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ بیکن ذرائع نے روزنامہ کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ امسال بھاری برفباری ہونے کے نتیجے میں انہیں برف ہٹانے میں کافی دقتیں پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی مقامات پر برفانی تودے گر آئے ہیں جنہیں ہٹانے کیلئے بیکن نے سنو کٹر اور ڈوزراستعمال میں لائے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر موسم سازگار رہا تو مارچ کے آخر تک سونہ مرگ تک برف ہٹانے کا کام مکمل کیا جائے گا۔ادھر پروجیکٹ وجیک نے دراس کی طرف سے 10 مارچ کو برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے۔ پروجیکٹ وجیک کے ایک افسر نے بتایا کہ امسال بھاری برفباری ہونے کے نتیجے میں انہیں برف ہٹانے میں کافی دقتیں پیش آرہی ہیںتاہم اگر موسم ساز گاررہا تو مارچ کے آخر تک زیرو پوائنٹ زوجیلا تک برف ہٹانے کا کام مکمل کیا جائے گا۔