سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ

سرینگر//سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے سی ای او سپیشل پرپز وہیکل ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ کی صدارت میں کل سرینگر سمارٹ سٹی ایڈوائزری فورم، جو کہ گذشتہ ماہ تشکیل دیا گیا ، کی میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران ایڈوائزری فورم کے ممبران کو سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے خدوخال اورتفاصیل کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔میٹنگ میں اُن پہلوئوں پر بھی غور وخوض کیا گیا جہاں فوری طور پر اخراجات بروئے کار لائے جاسکتے ہیں تاکہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت متوقع نتائج سامنے آسکیں۔فورم کو بتایا گیا کہ مختلف محکموں کے تحت کئی پروجیکٹوںکی منظوری دی گئی ہے جن کی عمل آوری کے لئے ایجنسیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔اس موقعہ پر ڈاکٹر شاہ نے میگا پروجیکٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تمام ممبران کی طرف سے مکمل تعائون کی امید ہے ۔انہوںنے اُن ہدایات کو دہرایا جو کہ میگا پروجیکٹ کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے دی گئی ہیں۔