سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ: سرینگر میں بجلی سے چلنے والی بسوں کو متعارف کرنے کا منصوبہ

سرینگر//سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹیڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے کل منعقدہ آفیسران کی ایک میٹنگ میں سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت بجلی سے چلنے والی بسوں کو حاصل کرنے پر تبادلہ خیال کیا ۔میٹنگ کے دوران ٹاٹاموٹرس کے نمائندوں کے ساتھ بجلی سے چلنے والی بسوں کو متعارف کرنے اور اس سلسلے میں دیگر ضرورتوں اورلوازمات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔جب کہ میٹنگ کے دوران ان بسوں کے روٹ اور چارجنگ پوائنٹس کو بھی زیر بحث لایا گیا۔اس موقعہ پر سی ای او نے کہا کہ بسوں کو سرینگر شہر میں مقامی لوگوں کی ضرورتوں اورتقاضوں کے تحت متعارف کیا جارہا ہے ۔انہوںنے ٹاٹا موٹرس سے بجلی سے چلنے والی بسوں کے بارے میں ان کی خصوصیات طلب کیں ۔ اس دوران ڈاکٹر شاہ نے آر ٹی او کشمیر اورایس ایس پی ٹریفک سرینگر سے ان بسوں کے روٹوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ بجلی سے چلنے والی بسوں کو متعارف کرنے کا مقصد سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت لوگوں کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنا ہے۔