رام بن// وادی کشمیر کو زمینی راستے سے بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی واحد قومی شاہراہ پر اتوارکے روز ٹریفک کی نقل وحمل بحال ہوئی۔ پسیاں او ر مٹی کے تودے گر آنے کے باعث شاہراہ کو احتیاطی طور پر ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند رکھا گیا تھا۔
محکمہ ٹریفک کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سری نگر۔جموں قومی شاہراہ کو اتوار کے روز ٹریفک کی آواجاہی کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شاہراہ پر درماندہ گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت دی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی یہ شاہراہ موسم سرما کے دوران زیادہ تر بند ہی رہتی ہیں جس سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
وادی میں ان ایام کے دوران جہاں بازاروں میں اشیائے ضروریہ بالخصوص اشیائے خوردنی کی قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں بازاری بھی بام عروج پر پہنچ جاتی ہے۔